فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی کانگریس کمیٹی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پرعائد کی جانے والی پابندی کی توثیق کردی۔فیفا کانگریس کا اجلاس ہوا، جس میں پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک شریک ہوئے۔
فیفا کانگریس اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی سے متعلق ووٹنگ کرائی گئی۔ پاکستان کی مخالفت میں 203 ووٹ جبکہ حمایت میں صرف 1 رکن نے ووٹ دیا۔
واضح رہے کہ فٹبال فیڈریشن پر اشفاق گروپ کی جانب سے قبضہ کے بعد سے پاکستان کی رکنیت معطل کی گئی۔21 مئی کو ہونے والے فیفا کانگریس کے فیصلے کے مطابق پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی اپنا کام جاری رکھے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیفا کے مطالبات پورے ہونے تک پاکستان کی معطلی برقرار رہے گی۔ ذرائع کے مطابق قبضہ ختم ہونے پر چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے کانگریس کو رپورٹ پیش کی جائے گی جس کی روشنی میں معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔