تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے ہم خیال ارکان اسمبلی نے پارٹی کے متوازی اپنا گروپ بنانے کا باضابطہ اعلان کردیا جب کہ قومی و پنجاب اسمبلی میں اپنے پارلیمانی لیڈر بھی مقرر کردیے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے ہم خیال 31 ارکان اسمبلی کے لیے عشایہ دیا گیا جہاں اس گروپ کو باضابطہ طور پر سامنے لانے کا اعلان کیا گیا۔
رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم نے بتایا کہ جہانگیر ترین کے عشایے میں ہم خیال ارکان اسمبلی نے شرکت کی اور یہیں گروپ کو باضابطہ طور پر سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا اور گروپ کا نام جہانگیر ترین ہم خیال گروپ رکھا گیا ہے، گروپ کے ارکان سے وفاداری کا حلف لیا جائے گا۔
انہوں ںے یہ بھی بتایا کہ ہم خیال ارکان اسمبلی نے جمعہ کو پنجاب اسمبلی میں پاور شو کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اپنے پارلیمانی لیڈرز مقرر کیے جائیں جس کے لیے راجہ ریاض کو قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر نوانی کو پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
نعمان لنگڑیال نے کہا کہ اجلاس میں 31 ارکان اسمبلی نے شرکت کی، جہانگیر ترین کے ساتھ غلط ہوا اسی لیے ان کا ساتھ دے رہے ہیں، ہمیں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد ہے لیکن ہم اپنے ایجنڈے پر متفق ہیں، ہم جہانگیر ترین کی پیشی پر ان کے ساتھ جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق گروپ کا اتوار کو دوبارہ اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جہاں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔