UAE Airports

یو اے ای کا بڑا فیصلہ : پاکستان سمیت 4 ممالک پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 12 مئی سے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا پر سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ملک کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مذکور پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پابندی کے دوران متحدہ عرب امارات سے بنگلہ دیش، پاکستان، نیپال اور سری لنکا کے لیے مسافروں کی منتقلی کی اجازت ہوگی۔

متحدہ عرب امارات کی ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پابندی کے شکار ممالک کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے مابین منظور شدہ سفارتی مشن، سرکاری وفود، کاروبار طیارے اور سنہری ریزیڈینسی ہولڈرز کو سخت ایس او پیز کے ساتھ داخلے کی اجازت ہوگی جس میں اڑتالیس گھنٹے قبل تسلیم شدہ لیبارٹریز سے کرایا گیا کرونا پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونا بھی شامل ہے.

پابندی میں ان ممالک سے آنے والی ٹرانزٹ پروازیں بھی شامل ہیں۔ یو اے ای نے سفر سے قبل پی سی آر ٹیسٹنگ کے دورانیہ 72 سے 48 گھنٹے کردیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ماہ بھارت سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔اس سے قبل متعدد ممالک نے بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی تھی جہاں کورونا سے یومیہ لاکھوں کیسز اور ہزاروں اموات کی اطلاعات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں