انجری کا شکار سپر سٹار بابر اعظم سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی نمائندگی سے محروم ہو گئے۔ انجری کا شکار بابر اعظم میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ کپتانی کی ذمہ داری محمد رضوان ہی نبھائیں گے۔
کپتان محمد رضوان نے کہا کہ بابر اعظم کی انجری میں مکمل فٹنس تک نہیں کھیلنا چاہتے، قومی کپتان بابر پاکستان کرکٹ کا سرمایہ ہیں، کوئی رسک نہیں لینا چاہتے، بابر اعظم جیسے کھلاڑی کے ٹیم میں نہ ہونے سے فرق پڑتا ہے، بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں واپس آئیں گے تو اچھا کمبی نیشن بنے گا۔
محمد رضوان کامزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کا موقع ہے، سیریز ابھی ہمارے ہاتھ سے نہیں نکلی، تمام کھلاڑی پر اعتماد ہیں، ٹیم میں تبدیلیوں کا سوچا ہوا ہے، ابھی مل بیٹھ کر فیصلہ کریں گے، دوسرے ٹیسٹ میں موسم کی خرابی کے باعث ٹاس اہم ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے ہیگلے اوول میں کھیلا جائے گا۔ جس سے پہلے موسم کے خوشگوار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق کل رات 3 بجے شروع ہوگا۔