حکومت نے کورونا وبا کے بڑھتے کیسزکے پیش نظر 26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزیرشفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے بڑھتے کیسزکے پیش نظر26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں میں 26 نومبرسے 24 دسمبرتک آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا، 25 دسمبرسے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی، جنوری کے پہلے ہفتے میں ریویوسیشن ہوگا جس کے بعد 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔
شفقت محمود کے مطابق مارچ اوراپریل میں بورڈ کے امتحانات کومئی میں کرانے کی سفارش کی ہے، یونیورسٹی ہاسٹلزکے طلبہ کا ایک تہائی حصہ ہاسٹلزمیں قیام کرسکیں گے، نوکریوں کے سلسلہ میں ہونے والے ٹیسٹ جاری رہیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اساتذہ کوبلانے کے حوالے سے اسکول انتظامیہ فیصلہ کرے گی، نیا تعلیمی سال کواگست میں لے جانے کے حوالے سے تجویززیرغورہے، کورونا کے حوالے سے تمام صورتحال کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) پہلے ہی تعلیمی ادارے فوری بند کرنے کی سفارش کرچکا ہے۔
وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی سیشن کو31 مئی تک بڑھانے کی تجویزدی گئی ہے جس کے تحت میڑک ، انٹرمیڈیٹ امتحانات جون 2021 میں لیے جائیں گے۔