کراچی میں ٹک ٹاک کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے گیا،گلستان جوہر میں سیکیورٹی گارڈ ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا کہ پستول سے گولی چل گئی اور وہ ماتھے پر گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
جمعہ کی شام گلستان جوہر کے علاقے بلاک ون میں کانٹی نینٹل بیکری کے قریب نجی اسکول کا سیکیورٹی گارڈ فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔
گلستان جوہر تھانے کے ایس ایچ او عنایت اللہ مروت نے بتایا کہ متوفی سیکیورٹی گارڈ کیو آر ایف سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ تھا اور ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا کہ پستول سے گولی چل گئی اور وہ ماتھے پر گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ متوفی نوجوان سلامت کی پستول سے کھیلتے ہوئے ٹک ٹاک بناتے ہوئے ویڈیو بھی منظرعام پرآگئی، وہ اسکول کے پلے گراؤنڈ میں اکثر ٹک ٹاک ویڈیو بنایا کرتا تھا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی نوجوان کی لاش ورثا کے حوالے کردی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مرنے والے کی شناخت23 سالہ سلامت ولد بادل کے نام سے کی گئی ۔ متوفی سیکیورٹی گارڈ اسکول میں ہی رہائش پذیر تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق گھوٹکی سے تھا۔